مریم نواز قومی ایئرلائن کی اکانومی کلاس سے وطن واپس پہنچیں گی

ویب ڈیسک  جمعرات 26 جنوری 2023
مریم نواز (فوٹو فائل)

مریم نواز (فوٹو فائل)

 لاہور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز وطن واپسی کیلئے غیرملکی پرواز کے بجائے قومی ایئرلائن سے سفر کریں گی تاکہ پی آئی اے پر مسافروں کے اعتماد کو بڑھا سکیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کی وطن واپسی کے شیڈول میں معمولی رد و بدل ہوا ہے، مریم نواز کل جمعہ کو لندن سے دبئی کیلئے روانہ ہوں گی اور یہ سفر وہ پی آئی اے کی اکانومی کلاس میں عام مسافروں کے ہمراہ طے کریں گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے ہمراہ آنے والے لیگی رہنما اور وزراء بھی اکانومی کلاس میں ہی سفر کریں گے، ن لیگ کی سینئر نائب صدر کا قومی ایئرلائن میں سفر کرنے کا مقصد پی آئی اے پر مسافروں کے اعتماد کے فروغ دینا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رات کے وقت پروازوں اور مسافروں کے رش کی وجہ سے مریم نواز کی واپسی کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی، اس سے پہلے مریم نواز کی وطن واپسی ہفتہ کی رات 8 بجے شیڈول تھی۔

اب مریم نواز پرسوں ہفتے کے روز سہ پہر 3 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرینگی، جہاں ن لیگی کارکن پارٹی کی سینئر نائب صدر کا والہانہ استقبال کریں گے۔

مریم نواز لاہور ایئرپورٹ کے باہر استقبالیہ کیمپ پر اکٹھے ہونے والے لیگی کارکنوں سے خطاب کرینگی جس کے بعد وہ جاتی امراء کیلئے روانہ ہوجائیں گی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے جلسوں، جلوسوں و ریلیوں کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مریم نواز تقریبا ساڑھے 3 ماہ کے بعد وطن واپس پہنچ رہی ہیں، وہ 6 اکتوبر 2022 کو لندن روانہ ہوئیں تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔