سعودی ولی عہد کا ترکیہ اور شام کو امداد پہنچانے کیلیے فضائی پُل بنانے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 8 فروری 2023
ترکیہ اور شام میں زلزلے میں 11 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، فوٹو: فائل

ترکیہ اور شام میں زلزلے میں 11 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملکی اداروں کو زلزلے سے متاثرہ شام اور ترکیہ کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پُل بنانےکا حکم دیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے انسانی ہمدردی کے لیے بنائے گئے ادارے کو شام اور ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ ممالک میں فوری امداد مہیّا کرنے کے لیے ایک فضائی پل بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ خبر پڑھیں : شام میں ملبے تلے دبی بچی 17 گھنٹے تک چھوٹی بہن کی ڈھال بنی رہی؛ ویڈیو وائرل

یہ ہدایت ترکیہ اور شام کو بلا رکاوٹ امدادی سامان کی فراہمی کے لیے کی گئی ہے۔ سعودی ویلفیئر ادارے نے ان ہدایات کی روشنی میں امدادی سامان کی پیکنگ سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جب کہ ایوی ایشن فضائی روٹ کو ترتیب دے رہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : ملبے کے ڈھیر پر مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بے بس باپ کی تصویر دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار 

خیال رہے کہ خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد کے حکم پر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے ایک مہم بھی شروع کی ہے جس کے تحت طبی سامان، ادویہ ،رہائش کے لیے خیمے، خوراک کا سامان جمع کیا جا رہا ہے۔

6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 37 ہزار سے زیادہ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔