پی ٹی آئی کا 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات کی تاریخ تبدیل کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک  بدھ 8 فروری 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 اسلام آباد: تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کی بجائے 19 مارچ کو کرانے کا مطالبہ کردیا۔ 

رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کاشیڈول جاری کر چکا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے، ورکنگ ڈے پر پولنگ کروانے سے بڑی تعداد میں ووٹرز ووٹ کے حق سے محروم ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مقامی طور پر چھٹی کا فیصلہ کیاجاتا ہے تو بھی ٹرن آوٹ پر منفی اثر کے امکانات ہیں، الیکشن کے انعقاد کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے انتخابی عمل میں ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کی بجائے اتوار 19مارچ کو ان 33 حلقوں میں انتخاب کروائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔