وزیرخزانہ نے آج ہنگامی کمشنرزکانفرنس طلب کرلی

ٹیکس اتھارٹیزکو9ماہ کا ٹیکس شارٹ فال پوراکرنے کیلیے خصوصی ٹاسک دیا جائیگا


Irshad Ansari April 15, 2014
ایف بی آر ہدف حاصل کرنے کیلیے جارحانہ حکمت عملی کی بھی منظوری دے گا ۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے غیر ملکی دورے سے واپسی پر رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ٹیکس وصولیوں میں اربوں روپے کے شارٹ فال کو پورا کرنے کیلیے ٹیکس حکام کوخصوصی ٹاسک دینے کے لیے منگل کو چف کمشنرز و کمشنرز ان لینڈ ریونیو کی ہنگامی کانفرنس طلب کرلی ہے ۔

جس میں ایف بی آر رواں سہ ماہی کے لیے 770ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنے کیلیے جارحانہ حکمت عملی کی بھی منظوری دے گا۔ ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس''کو بتایا کہ چیف کمشنرز کانفرنس میں تمام ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کے چیف کمشنرز شرکت کریں گے، کانفرنس میں اپریل تا جون کیلیے مقررہ مجموعی ٹیکس ہدف حاصل کرنے کے لیے 31.1 فیصد، انکم ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 36.4 فیصد جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف حاصل کرنے کے لیے 54.9 فیصد گروتھ حاصل کرنا ہوگی تاہم ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروتھ کبھی ہوئی نہ اب توقع ہے البتہ وزیر خزانہ اسے چیلنج سمجھ رہے ہیں اور اس کو چیلنج سمجھ کر پورا کرنے کے لیے کانفرنس میں حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔

اس حوالے سے دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کیلیے مقررہ770 ارب روپے کا ٹیکس ہدف گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں حاصل کردہ 587.2ارب روپے کی وصولیوں سے31.1فیصد زیادہ ہے، انکم ٹیکس وصولیوں کا ہدف 319.9 ارب روپے ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 234.6ارب روپے کی وصولیوں سے36.4فیصد زیادہ ہے، 309.7 ارب روپے کا سیلز ٹیکس ہدف اپریل تاجون2013میں245.3 ارب روپے کی وصولیوں سے26.2فیصد، 59.8 ارب روپے کا ایف ای ڈی ہدف گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 38.6ارب کی وصولیوں سے54.9 فیصد اورکسٹمز ڈیوٹی کاہدف80.6ارب روپے گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں68.7ارب روپے کی وصولیوں سے 17.3فیصد زیادہ ہے تاہم رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران ابھی تک ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں گروتھ 17 فیصد سے نہیں بڑھی جبکہ ہدف حاصل کرنے کیلئے رواں سہ ماہی میں 31فیصد نمو حاصل کرنا ہوگی۔

مقبول خبریں