3 امریکیوں نے سعودی عرب کا اہم ایوارڈ اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 21 مارچ 2023
کنگ فیصل ایوارڈ 2023 کی تقریب کا ایک منظر، [فائل-فوٹو]

کنگ فیصل ایوارڈ 2023 کی تقریب کا ایک منظر، [فائل-فوٹو]

ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی غیر موجودگی میں ریاض کے امیر شہزادہ فیصل بن بندر نے 45ویں کنگ فیصل انٹرنیشنل پرائز (KFIP) کی ایوارڈ تقریب کی صدارت کی۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق شاہ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے صدر شہزادہ ترکی الفیصل نے تقریب میں موجود اشرافیہ اور مہمانوں کا استقبال کیا۔

کے ایف آئی پی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالعزیز السبیل نے رواں سال کے ایوارڈ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا جبکہ شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ جیتنے والوں میں 1 اماراتی، 1 مراکشی، 1 جنوبی کوریائی، 2 برطانوی اور 3 امریکی تھے۔

متحدہ عرب امارات کے شیخ ناصر بن عبداللہ اور جنوبی کوریا کے پروفیسر چوئی ینگ کِل حامد کو مشترکہ طور پر اسلام کی خدمت کے عوض ایوارڈ سے نوازا گیا۔

برطانیہ کے پروفیسر رابرٹ ہلن برینڈ کو اسلامیات کے موضوع پر ایوارڈ دیا گیا جبکہ عربی زبان و ادب کا انعام مراکش کے پروفیسر عبدالفتاح کلیتو کے حصے میں آیا۔

شعبہ ادویات کا انعام امریکی پروفیسر ڈین ہنگ باروچ اور برطانوی پروفیسر سارہ کیتھرین گلبرٹ کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔ اس کے علاوہ سائنس کے شعبے میں پروفیسر جیکی یی-رو ینگ اور پروفیسر شاڈ الیگزینڈر میرکن کو مشترکہ طور پر دیا گیا، دونوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔

دو خواتین سائنسدانوں کو شعبہ ادویات اور سائنس میں کنگ فیصل پرائز سے نوازا گیا جبکہ آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر سارہ گلبرٹ جنہوں نے کورونا ویکسین AstraZeneca کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا، کو بھی میڈیسن پرائز سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی خاتون سائنسدان پروفیسر جیکی یی-رو ینگ بھی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔