اینٹی نارکوٹکس کی کارروائیاں جدہ جانے والے مسافر سے 3 کلوآئس برآمد

ملزم کے انکشاف پر ایئرپورٹ ک احاطے سے اس کے چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا


March 23, 2023
فوٹو؛ فائل

مختلف شہروں میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدارمیں منشیات قبضے میں لے کر 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں نے دوحہ جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 3 کلو 505 گرام آئس برآمد کرلی۔

دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کی موجودگی کا انکشاف کیا، جس پر اے این ایف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے مزید 4 ملزمان کو ائیر پورٹ کے احاطے سے گرفتارکر لیا۔

اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ ہی پرایک اور کارروائی میں جدہ جانے والے ملزم کے پیٹ سے 73 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، جسے اے این ایف اہلکاروں نے گرفتار کرلیا۔ ملزم کا تعلق خیبرایجنسی سے ہے۔

علاوہ ازیں ملتان کی حدود میں اے این ایف اہلکاروں نے شاہ رکن عالم انٹرچینج کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے 43 کلو 200 گرام چرس برآمد کرکے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔

دریں اثنا گلبرگ میں واقع نجی کوریئر آفس میں بحرین کے لیے بُک کرائے گئے پارسل سے 700 گرام آئس برآمد ہوئی۔ برآمد شُدہ آئس کو کتابوں میں چھپا کر بھیجا جا رہا تھا۔

سکھر میں اینٹی نارکوٹس فورس اور رینجرز نے سکھر شکار پور روڈ کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم سے 15 کلو چرس برآمد کرلی۔ ملزم کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

کراچی دہلی کالونی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ کے رہائشی ملزم سے 100 نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔

حیدرآباد گدو چوک کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہل کاروں نے لکی مروت کے رہائشی ملزم کے قبضے سے 5 کلو چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

کوئٹہ میں سریاب روڈ کے قریب اے این ایف اہل کاروں نے ایک ملزم سے 2 کلو آئس برآمد کرلی۔ برآمدشدہ منشیات ملزم نے شولڈر بیگ میں چھپائی ہوئی تھی۔

گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں