لاہور زیرِحراست شہری کی ہلاکت پر 4 پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج
مبینہ طور پر تشدد سے ہلاک شیخ منیر کباڑ کا کام کرتا تھا اور چوری کا سامان خریدنے کے الزام میں زیر حراست تھا
شہری کی پولیس حراست کے دوران ہلاکت پر 4 اہل کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل اور 155 سی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اکرم پارک کا رہائشی شیخ منیر کباڑ کا کام کرتا تھا، جسے چوری کا سامان خریدنے کے الزام میں تھانہ اسلام پورہ پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ملزم پر تشدد نہیں کیا گیا، شیخ منیر کو دل کا دورہ پڑا، جس پر اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ دم توڑ گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق شہری کی ہلاکت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحقیقات کی جائیں گی۔
دوسری جانب 55سالہ شیخ منیر کی مبینہ طور پر دورانِ حراست ہلاکت پر پولیس کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ شیخ منیر کو تشدد سے قتل کیا گیا ہے۔ احتجاج کے باعث بند روڈ پر ٹریفک متاثر ہوا جب کہ شیخ منیر کی لاش میو اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے۔
دریں اثنا سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے ایس پی سٹی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے میڈیکل رپورٹ اور شواہد کی بنیاد پر تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے موت کی وجوہات کا تعین کرنے سمیت مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کردی۔
ترجمان پولیس کے مطابق لواحقین کے احتجاج پر 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں قتل اور 155 سی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں پولیس اہلکارندیم ،ابرار ،عمر فاروق اور وقاص نامزد ہیں۔