جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل

ویب ڈیسک  جمعرات 30 مارچ 2023
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: جج دھمکی کیس میں ایڈیشنل سیشن کی عدالت نے کل تک عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ معطل کر دیے۔

ایڈیشنل سیشن جج سکندر نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرکے کل تک جواب طلب کر لیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے 18 اپریل کے لیے عمران خان کے وارنٹ جاری کیے تھے۔

دوران سماعت، وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ عمران خان پر سیکیورٹی خدشات اتنے ہیں کہ انتظامیہ نے عدالت تبدیل کروا دی۔ انہوں نے استدعا کی کہ عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کو معطل کیا جائے۔

مزید پڑھیں؛ جج دھمکی کیس؛ عمران خان کے ایک بار پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

وکیل علی بخاری نے کہا کہ جو جوڈیشل کمپلیکس میں چںد دن قبل ہوا وہ کہیں دہرایا نہ جائے، سیشن عدالت کا قابل ضمانت وارنٹ کا فیصلہ بالکل نظر انداز کر دیا گیا اور ناقابلِ ضمانت وارنٹ تو جاری کر ہی نہیں سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری ہوتے ہیں اس لیے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پہلے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا بنتے تھے۔

وکیل علی بخاری نے عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں جاری وارنٹ کو معطل کرنے کا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔