کراچی اور اسلام آباد سے سعودی عرب منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام

مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران ملزمان کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک March 31, 2023
منشیات کو کتابوں میں مہارت کے ساتھ چھپایا گیا تھا

اے این ایف نے کراچی اور اسلام آباد سے سعودی عرب منشیات اسمگل کرنے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر سعودیہ جانے والے ملزم سے 800 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے مہارت کے ساتھ کتابوں میں چھپایا گیا تھا۔ حکام نے کارروائی کے دوران سعودی عرب جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔

دوسری جانب اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 73 ہیروئن بھرے کیپسول برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں اسلام آباد 26 نمبر چونگی کے قریب ایک کارروائی کرتے ہوئے 2 خواتین سے 4 کلو 200 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 2 کلو 400 گرام چرس اور ایک کلو 200 گرام افیون برآمد کرلی گئی۔ کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

اے این ایف نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں