بارسلونا اوپن نڈال کی 9 سالہ بادشاہت کا خاتمہ

دفاعی چیمپئن اور ورلڈ نمبرون پلیئر کو کوارٹر فائنل میں ہم وطن نکولس الماگرو نے اپ سیٹ شکست دے دی۔


Sports Desk/AFP April 26, 2014
بارسلونا اوپن، کوارٹر فائنل میں نکولس الماگرو سے شکست پر دفاعی چیمپئن رافیل نڈال کا اظہار مایوسی ۔ فوٹو : اے ایف پی

بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں نڈال کی 9 سالہ بادشاہت کا خاتمہ ہوگیا۔

انھیں 2003 کے بعد پہلی مرتبہ ہوم ایونٹ میں شکست کا سامناکرنا پڑگیا، نکولس الماگرو نے 8 مرتبہ کے چیمپئن اور ورلڈ نمبرون پلیئر کی ہوم ایونٹ میں 41 میچ فتوحات کا سلسلہ بھی توڑ دیا، اس کامیابی نے الماگرو کو سیمی فائنل میں پہنچادیا، کائی نیشکوری نے مارن کلک کو پچھاڑ کر فائنل فور میں رسائی پائی، ارنسٹ گلبز نے تیموریز گاباشیلوی کی پیشقدمی ختم کردی، اسٹٹ گارٹ ویمنز ٹینس میں دفاعی چیمپئن ماریا شراپووا اور سارا ایرانی سیمی فائنل میں ٹکرائیں گی، کوارٹر فائنل میں ماریا نے ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو ٹھکانے لگایا جبکہ سارا کے مقابل آنے والی کارلا سواریز انجرڈ ہوکر میدان سے باہر چلی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بارسلونا اوپن میں ورلڈ نمبرون رافیل نڈال کی 9 سال سے جاری بادشاہت کا خاتمہ ہوگیا، دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ رافیل نڈال کو راؤنڈ 8 میں ہموطن نکولس الماگرو کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوگئی، ورلڈ نمبرون ٹینس پلیئر کی یہ بڑے ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے اس سے قبل وہ مونٹی کارلو ماسٹرز میں بھی ہموطن ڈیوڈ فیرر کے ہاتھوں شکست کے بعد کوارٹر فائنل مرحلے سے باہر ہوگئے تھے۔

اس مرتبہ بھی نکولس الماگرو نے ہموطن اسٹار کا قصہ 2-6،7-6(7/5) اور6-4 سے تمام کردیا۔دیگر کوارٹر فائنلز میں 4 سیڈ جاپانی اسٹار کائی نیشکوری نے کروشیا کے مارن کلک کو 6-1 اور6-3 سے شکست دے دی، 9 سیڈ لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے روسی پلیئر تیموریز گاباشیلوی کی کہانی 6-1 اور6-4 سے مات دیکر ختم کردی، انھوں نے دوسرے راؤنڈ میں سیکنڈ سیڈ ڈیوڈفیرر کو ہراکر تہلکہ مچایا تھا۔ دوسری جانب روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک سے دو قدم کی دوری پر پہنچ گئیں، انھوں نے اسٹٹ گارٹ ویمنز ٹینس کے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ پولش حریف اگنیسکا ریڈوانسکا کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-3 سے قابو کرلیا، ایونٹ میں چھ سیڈ پانے والی روسی پلیئر 2013 اور2012 میں یہاں پر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں، سیمی فائنل میں ان کا سامنا اطالوی پلیئر سارا ایرانی سے ہوگا، جنھوں نے دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین کی کارلا سواریز نیوارو کے ریٹائر ہوجانے پر اگلے مرحلے میں رسائی پالی، سارا نے پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا جبکہ دوسرے سیٹ میں نیوارو نے ٹائی بریکر پر7-6(8/6) سے کامیابی حاصل کی، تیسرے سیٹ میں سارا نے ابتدائی تینوں گیمز جیتے تھے کہ اسپینش پلیئر انجرڈ ہوکر میچ سے دستبردار ہوگئیں۔

مقبول خبریں