عمران خان سے ملاقات کا امکان ہے، پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، اسد عمر

ویب ڈیسک  پير 29 مئ 2023
کسی کے ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا،ووٹ صرف عمران کا ہے، اسد عمر

کسی کے ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا،ووٹ صرف عمران کا ہے، اسد عمر

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکریٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کسی کے ہونے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا،ووٹ صرف چیئرمین عمران خان کا ہے، شاید لاہور جاؤں تو عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔

اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے ووٹ صرف عمران خان کا ہے کوئی ہو یا نا ہو کوئی فرق نہیں پڑتا، بھٹو صاحب پر جب مشکل وقت آیاتھا تب باقی لیڈر کہاں گئے تھے ، پیپلز پارٹی میں کوئی نہیں بچا تھا ، مسلم لیگ ق نے جب 2002 میں حکومت بنائی تھی اس میں سارے مسلم لیگ ن والے تھے۔

لاہور جاکر عمران خان سے ملاقات کرنے کے سوال پر اسد عمر نے جواب دیا کہ جی شاید ممکن ہے مل لوں۔ آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوال کے جواب میں اسد عمر مسکرا دیے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی پریس کانفرنسز میں ایک جیسا اسکرپٹ ہونے کے سوال پر اسد عمر نے کہا کہ میرے حوالے سے آپ ایسی بات نہیں کر سکتے میری پریس کانفرنس مختلف تھی، آپ جتنی بار مرضی پوچھیں میں پارٹی میں ہی ہوں۔

اسد عمر نے کہا کہ جلسوں اور ٹی وی پروگرام میں فیصلہ نہیں ہونا چاہیے کہ کس سیاستدان نے صحیح کیا یا غلط، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ جو سیاسی مخالف ہے اسے انتقام کا نشانہ بنایا جائے، یہ نہیں ہوسکتا کہ چونکہ ہم نے جمہوریت مل کر چلانی ہے تو جو مرضی پیسہ کھائےاسے کچھ نہیں کہا جائے ، قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے جو قانون توڑتا ہے اسے سزا ہونی چاہیے۔

حالات کب بہتر ہونگے اس سوال پر اسد عمر نے کہا کہ ادارہ شماریات کی رپورٹ آگئی ہے 25 کروڑ آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسد عمر کی درخواست ضمانت پر پانچ جون تک توسیع دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔