جعفرآباد، الخدمت فاؤنڈیشن نے مزید 30 گھر سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کردیے

ویب ڈیسک  منگل 30 مئ 2023
فوٹو: ایکسپریس

فوٹو: ایکسپریس

 لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں مزید 30 گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں۔

اس حوالے سے جعفر آباد میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار، ضمیر حیدر، سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ، فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکریٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت مقامی ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکریٹری جنرل قمر ابراہیم نے اِس موقع پر بتایا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں جعفرآباد، بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا اور جس کے باعث لوگوں کے گھر، فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔

اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں، وہیں محفوظ مقامات پر تعمیر نو کے حوالے سے گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں پر کام کا آغازکیا گیا۔ جعفر آباد میں سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی نے اس مقصد کے لیے 27 ایکڑ زمین عطیہ کی جس پر 175 سیلاب متاثرہ خاندانوں کےلیے گھر، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔

alkhidmat-jaafar-abad

انہوں نے کہا کہ اِس علاقے میں زمین وڈیروں اور بڑے زمینداروں کے نام پر ہوتی ہے لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کو دیے گئے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق انہی خاندانوں کو دیے ہیں، جس پر کمرہ، کچن اور غسل خانہ سمیت مال مویشی کے لیے شیلٹر بھی بنایا گیا ہے۔
پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی موثر خدمات کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن ساؤتھ افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔

گزشتہ سال آئے سیلاب کے بعد پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے الخدمت کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور اب مرحلہ وار تعمیر نو کے کاموں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ نے اِس موقع پر کہا کہ جعفر آباد جیسے دور دراز علاقے تک پہنچنا اور متاثرین کی مدد کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کا خاصہ ہے اور ہم سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سروے سے لے کر چابیاں حوالگی تک تمام مراحل میں موثر حکمت عملی پر الخدمت کی مقامی، ریجنل اور مرکزی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک گیر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ’ خدا کی بستی‘ کا قیام عمدہ آئیڈیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے لیے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔

alkhidmat-jaafar-abad-1

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نیکی اور خیر کے کاموں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ علیم ڈار نے خدا کی بستی میں بچوں کے لیے کھیل کے میدان بنانے اور کھیلوں کا سامان مہیا کرنے میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ’ پاکستان تعمیرِ وطن پروگرام‘  کے تحت سیلاب زدہ علاقوں میں گھروں کی تعمیرومرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد ترجیحاً بیواؤں، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا اور اب تک جعفرآباد میں 175گھروں پر محیط خدا کی بستی سمیت ملک بھر میں 1800 گھر مکمل کرکے سیلاب متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں جبکہ 4700 مکانات زیر تعمیر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔