وزیراعظم کی ترکیہ میں مختلف ممالک کے قائدین سے ملاقات

ویب ڈیسک  اتوار 4 جون 2023
فوٹو : پاکستان مسلم لیگ ن / ٹویٹر

فوٹو : پاکستان مسلم لیگ ن / ٹویٹر

استنبول/اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مختلف ممالک کے قائدین سے ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم کی ترکیہ کے سابق نائب وزیراعظم اور ایم ایچ پی پارٹی کے چیئرمین دولت باھچیلی سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے صدر ایردوان کے ہمراہ انتخابات میں بھرپور کامیابی پر مبارک پیش کی۔

اسی طرح، وزیراعظم شہباز شریف اور جمہوریہ کوسوو کی صدر وجوسہ عثمانی سادیرو کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر سے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور سیستان سرحد پر مارکیٹ کے قیام اور ایران کے صدر سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی نائب صدر سے گفتگو میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر ٹریڈ ایک خوش آئند پیش رفت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔

ازبکستان کے صدر شفقت مرزایوف سے بھی وزیراعظم شریف کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون، خطے کو رابطوں سے جوڑنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی رفتار تیز کرنے پر بات چیت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔