وزیراعظم کی پی پی ایل واجبات کی مد میں بلوچستان کو 34 ارب فوری ادائیگی کی ہدایت

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم نے پی پی ایل کے واجبات کی مد میں بلوچستان کو 34 ارب روپے فوری ادا کرنے کی ہدایت کردی۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر میر خالد خان مگسی اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی پر مشتمل وفد نے  قومی اسمبلی میں وزیراعظم سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے مالی مسائل اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔

وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنے صدر میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں بلوچستان کے عوام کے مفادات کے تحفظ اور خو شمالی کے لیے کام کررہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ بی اے پی وفاق میں ہماری مضبوط اتحادی ہے۔بلوچستان کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے ۔بلوچستان کے تحفظات دور کریں گے۔  وزیراعظم نے بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ، جس میں وفاقی و صوبائی اراکین پارلیمنٹ کی نمائندگی ہوگی۔ کمیٹی پیر کے روز اپنا اجلاس منعقد کرے گی، جس کی سفارشات کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے گا۔

دریں اثنا بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسائل کے حل کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفاقی بجٹ کے بائیکاٹ کا اعلان واپس لیتے ہوئے اپنی جماعت کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو بجٹ اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔