اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں 16سالہ فلسطینی شہید متعدد زخمی

اسرائیلی فوج نے 10 سے زائد مظاہرین کو گولیاں ماریں اور زہریلی گیس شیلنگ سے 2 درجن افراد کی حالت غیر ہوگئی


ویب ڈیسک September 10, 2023
اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی، فوٹو: فائل

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 16 سالہ فلسطینی لڑکا شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے غرب اردن میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ان پُرتشدد کارروائیوں پر احتجاج کے لیے جمع ہونے والے مظاہرین پر قابض اسرائیلی فوج نے گولیاں برسادیں جس کے نتیجے میں 16 سالہ میلاد منتصر شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال لے جایا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نوجوان کو قدرے تاخیر سے لایا گیا تھا اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث میلاد منتصر نے دورانِ علاج دم توڑ دیا۔

اسپتال میں 10 کے قریب زخمیوں کو بھی لایا گیا جن میں سے 10 اور 16 سالہ لڑکوں کو شدید چوٹیں آنے کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔

اسرائیلی فوج کی زہریلی گیس کی شیلنگ کی وجہ سے درجنوں مظاہرین کی حالت غیر ہوگئی۔ دم گھٹنے کے باعث سانس لینے میں تکلیف پر انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

رواں برس اسرائیلی جارحیت کا بدترین سال ثابت ہو رہا ہے اب تک 250 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جا چکا ہے اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ 100 سے زائد عمارتیں بھی تباہ کی گئیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں