دل کا دورہ پڑنے کا ڈرامہ رچا کر شہری نے کئی ریستورانوں کو چونا لگا دیا
نامعلوم شخص نے ملک بھر کے 20 ریستورانوں میں ہارٹ اٹیک کا ڈرامہ رچا کر مفت کھانا کھایا
ہم میں سے کئی لوگوں کا یہ محض ایک خواب ہی ہوگا کہ ریستورانوں سے جتنے چاہیں مفت کھانے کھائیں تاہم ایک شخص نے اپنی مکاری سے 20 ریستورانوں کو چونا لگا کر مفت کھانا کھا لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپین میں ایک لتھوانیا کے شہری کو ریستورانوں میں مبینہ طور پر بل کی ادائیگی سے بچنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
50 سالہ نامعلوم شخص نے ملک بھر کے 20 ریستورانوں میں ہارٹ اٹیک کا ڈرامہ رچا کر مفت کھانا کھایا جس پر سیکورٹی حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
ریستورانوں میں سے زیادہ تر اسپین کے کوسٹا بلانکا کے علاقے میں تھے۔ دل کا مریض ہونے کا دعویٰ کر کے، کھانے اور مشروبات کا آرڈر دینے کے بعد ملزم دل کا دورہ پڑنے کا زبردست ناٹک کرتا۔ اپنے سینے کو پکڑ کر فرش پر بے ہوش ہونے کا بہانہ کرتا۔
تاہم اس کی یہ چال اس وقت نظروں میں آگئی جب ایک ریستوران کے مالک نے اس شخص کی چالاکی کو بھانپ لیا اور اس کی تصویر دیگر مقامی ریستورانوں کو بھیج کر انہیں متنبہ کیا کہ وہ اس کے ہارٹ اٹیک کے ڈرامے سے ذرا بھی دھوکا نہ کھائیں۔