الخدمت کے تحت اہل غزہ کیلیے 400 ٹن اشیا پر مشتمل رمضان فوڈ پیکیج روانہ

جدید ایمبولینس بھی روانہ، فیلڈ اسپتال کی ورکنگ مکمل، اجازت ملنے پر الخدمت اور پیما کے ڈاکٹرز غزہ جائیں گے


ویب ڈیسک March 12, 2024
الخدمت فاؤنڈیشن جنگ سے متاثرہ بہن بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوشاں ہے ، صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت اہل غزہ کے لیے 400 ٹن اشیا پر مشتمل رمضان فوڈ پیکیج روانہ کردیا گیا۔


غزہ پر مسلط کی گئی اسرائیلی جنگ سے متاثرہ مزید 15 ہزار فلسطینی خاندانوں کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے رمضان فوڈ پیکیج اور جدید ایمبولینس غزہ روانہ کردی گئی ہے۔


اِس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن نے اسماعلیہ مصرسے رفح بارڈ رکے ذریعے امدادی سامان روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ الخدمت نے حالیہ کھیپ میں 20 بڑے ٹریلرز کے ذریعے 400 ٹن امدادی سامان غزہ بھجوایا ہے، جس کے ساتھ ساتھ زخمیوں و مریضوں کے لیے جدید ساز و سامان سے لیس ایمبولنس بھی روانہ کی گئی ہے۔


ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ جنگ سے متاثرہ 22 لاکھ افراد پوری دنیا خاص طور پر مسلمانوں کےلیے امتحان ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن جنگ سے متاثرہ بہن بھائیوں کو ریلیف فراہم کرنے میں کوشاں ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن اب تک غزہ متاثرین کے لیے ایک ارب 70 کروڑ روپے کی امدادی سرگرمیاں سر انجام دے چکی ہے۔


الخدمت فاؤنڈیشن نے غزہ کے اندر موجود ترک اور فلسطینی اداروں کے تعاون کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کو تیز اور موثر بنانے کے لیے الخدمت نے قاہرہ میں کیمپ آفس اور وئیر ہاؤس قائم کر دیا ہے، جہاں سے وقتاً فوقتاً امدادی سامان غزہ بھجوایا جا رہا ہے۔


پاکستان سے امدادی سامان بھجوانے کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن نے این ڈی ایم اے کی مدد سے ائیر کارگو اور سمندر کے رستے امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ شروع کیا اور اب تک 5 ائیر کارگو العریش مصر،1 اردن اور بحری جہاز کے ذریعے ادویات، تیار کھانا، خیمے، ترپال، بے بی کٹس، ہائی جین کٹس اور ونٹر پیکیج بھجوائے جا چکے ہیں۔ صرف زخمیوں اور مریضوں کے لیے بھجوائی گئی متعدد کھیپ میں 250 ٹن ادویات شامل ہیں۔


غزہ میں میڈیکل ایمرجنسی کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے فیلڈ اسپتال کی ورکنگ مکمل کر لی ہے اور اجازت ملنے پر الخدمت اور پیما کے ڈاکٹرز غزہ روانہ ہوں گے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ غزہ اِس وقت ایک بڑے انسانی بحران سے گزر رہا ہے جس کی بحالی کے لیے طویل المدتی منصوبے کی ضرورت ہوگی، اس کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں