پاکستان بھارت چین اور ایران میں بھی کارروائیاں کریں گے داعش رہنما

دنیا بھر کے مسلمان عراق اور شام ہجرت کرکے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کریں، ابوبکرالبغدادی کا آڈیو پیغام


News Agencies/Net News July 03, 2014
دنیا بھر کے مسلمان عراق اور شام ہجرت کرکے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کریں، ابوبکرالبغدادی کا آڈیو پیغام فوٹو؛فائل

عراق اور شام کے شدت پسندوں کی تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی نے پاکستان سمیت جنوبی ایشیا تک اپنا نیٹ ورک پھیلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ، بھارت، چین اورایران میں بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔

دنیا بھر کے مسلمان عراق اور شام ہجرت کرکے اسلامی ریاست کی تعمیر و تشکیل میں تعاون کریں۔ رمضان کے مقدس مہینے میں اللہ کے راستے میں جہاد سے بہتر کوئی اور کام نہیںہوسکتا،جن ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ظلم ہو رہے ہیں،اللہ کی قسم ہم ان سے بدلہ لیں گے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انٹرنیٹ پرشدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کا مبینہ آڈیو پیغام جاری کیاگیاہے،جس میں کہا گیاہے کہ نہ صرف عراق بلکہ پاکستان ،بھارت، چین اورایران میں بھی کارروائیاں کی جائیں گی۔

شدت پسند گروہ اسلامی ریاست برائے عراق و شام نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اسلامی مملکت کے لیے ہجرت کی دعوت دی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک فریضہ ہے ۔انھوںنے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلحہ اٹھا لیں۔19 منٹ کے اس آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ''رمضان کے مقدس مہینے میں اللہ کے راستے میں جہاد سے بہتر کوئی اور کام نہیں ہے اس لیے اس موقعے کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے آباؤ اجداد کی راہ پر قائم رہیں''۔

اپنے آڈیو پیغام میں انھوں نے وسط افریقی ممالک سے لے کر میانمار (برما) تک کا نام لیا ہے اور کہا کہ جن ممالک میں مسلمانوں کے خلاف ظلم ہو رہے ہیں 'اللہ کی قسم ہم ان سے بدلہ لیں گے، ذرا دیر لگے لیکن ہم بدلہ لیں گے۔آن لائن کے مطابق عراقی سیکیورٹی فورسز نے رامادی میں باغیوں کی ایک پناہ گاہ کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ان کی 7 گاڑیاں تباہ اور15 داعش باغی ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

ادھر ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ نے ماسکومیں روسی حکام سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کیلیے ایران فوج نہیں بھیج سکتے البتہ اگر عراقی حکومت نے فوجی سازوسامان کا مطالبہ کیا تو ایران اس پر غور کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ عراقی حکومت شدت پسندوں کو کچلنے کی صلاحیت نہیں رکھتی کیونکہ ان کے پاس فوجی سازوسامان کی شدید کمی ہے۔ عراق میں بیرونی افواج کی مداخلت قبول نہیںہے ۔

مقبول خبریں