لڑکی کی محبت میں غیرقانونی طور پر پاکستان آنیوالے بھارتی نوجوان کا واپس جانے سے انکار

اسلام قبول کرلیا ہے، واپس جانے میں جان کا خطرہ ہے، منڈی بہاؤالدین کی جیل میں قید بادل بابو کا عدالت میں بیان


آصف محمود February 07, 2025

لاہور:

منڈی بہاؤالدین کی جیل میں قید بھارتی نوجوان بادل بابو نےعدالت میں بیان دیا ہے کہ وہ پاکستان میں رہنا چاہتا ہے اور واپس بھارت جانا اس کی موت کے برابر ہوگا۔ بادل بابو نے کہا اس نے اسلام قبول کر لیا ہے اگر اسے بھارت واپس بھیجا گیا تو اسے قتل کر دیا جائے گا۔

بادل بابو، جو مبینہ طور پر پاکستانی لڑکی سے محبت اور شادی کے لیے غیرقانونی طور پر پاکستان آیا تھا اس وقت  منڈی بہاؤالدین کی جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

جمعہ کے روزاسے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، بادل بابو کے وکیل فیاض رامے نے ایکسپریس نیوزکو فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ بادل بابو کی سماعت کی اگلی تاریخ 21 فروری ہے۔

وکیل کے مطابق، عدالت نے 12 فروری کو ضلعی پولیس افسر(DPO) کو طلب کیا ہے تاکہ وہ اگلی سماعت سے پہلے چارج شیٹس فائل کرنے کی تصدیق کریں۔ بادل بابو نے عدالت میں یہ بھی بیان دیا کہ وہ کسی صورت میں پاکستان سے باہر نہیں جانا چاہتا اور اگر اسے بھارت واپس بھیجا گیا تو یہ اس کی موت کے مترادف ہوگا۔

بادل بابو نے عدالت میں ایک واقعہ بھی بیان کیا کہ اس کے گاؤں کا ایک لڑکا، جس نے اسلام قبول کیا تھا،اسے قتل کردیا گیا تھا اور س کی ٹکڑوں میں بٹی لاش ملی تھی۔ اس نے کہا کہ وہ بھارت واپس نہیں جا سکتا کیونکہ اس نے اپنا مذہب تبدیل کر لیا ہے اور اسے اپنی جان کا خطرہ ہے۔

وکیل کے مطابق بادل بابو کو دیگر قیدیوں سے الگ گاڑی میں لایا گیا اور اس کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بادل بابو کے وکیل نے بتایا کہ وہ دو دن بعد جیل میں اس سے ملاقات کریں گے اور اس کیس کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی بات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں