اسلام آباد:
جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئے وفاقی دارالحکومت میں انٹرنیشنل فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کو لیڈ کرتے ہوئے فلسطین کا معاملہ دنیا میں اٹھائے، باضمیر لوگ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ جو لوگ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں وہ سمجھ لیں کہ وہ بدمست کی حمایت کررہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر بھارت کا قبضہ ہے یہ ہماری ریاستی پالیسی کا حصہ ہے، فلطسین پر بھی اسرائیل کا قبضہ ہے، سیز فائر کے بعد 20 سال بعد ہزاروں فلسطینی جیلوں سے باہر نکل پائے ہیں۔
امریکا ہمیں جمہوریت نہ سکھائے، اسرائیل کے حق میں ویٹو سے جمہوریت کا جنازہ نکل جاتا ہے، حماس کی جدوجہد کی حمایت ضروری ہے، ہم فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ قبول نہیں کریں گے۔ اسرائیل سات اکتوبر کو ہار چکا ہے اسی لئے اب نہتے لوگوں پر فائرنگ اور بمباری کررہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انکشاف کیا ہے فلسطین میں بچوں کو ٹارگٹ کرکے شہید کیا گیا، 20 فیصد امریکی حماس کے حامی اور فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، دنیا کی چھٹی سے ساتویں طاقتور فوج کو حماس نے شکت دی ہے، باضمیر لوگ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، جو لوگ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ہیں وہ سمجھ لیں وہ بدمست کی حمایت کررہے ہیں، مسلم ممالک پر دباؤ ڈالا جارہا یے کہ اسرائیل کو تسلیم کرے۔
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ برطانیہ کی سلطنت میں سورج غروب نہیں ہوتا تھا آخر کار سورج غروب ہوگیا، دنیا میں با ضمیر لوگ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
افریقی اینکر فیصل داؤد نے کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہوا ابھی وہ سامنے آیا ہی نہیں، یہ فلسطینیوں کی نسل کشی تھی، ہم نے عالمی میڈیا کا ضمیر مردہ دیکھا، ہمیں فلسطین کے حوالے سے سچ تک پہنچنے کے لئے مغربی میڈیا کا متبادل دیکھنا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت کوئی بھی اس ظلم کو نہیں روک سکا،61 ہزار سے اوپر لوگ شہید کر دیئے گئے، فلسطین میں اسپتال انفراسٹریکچر سب تباہ ہوچکا ہے، اس کے پیچھے بین الاقوامی سازش ہے، مسلم ممالک اکٹھے ہو کر فلسطین پر ظلم کو نہیں روکتے تو سب کا نقصان ہے، دنیا میں احساس موجود ہے فلسطین پر ظلم ہو رہا ہے، مسئلہ حل کرنے کے لئے عالمی سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی۔