پاک سعودی وزرائے خارجہ ملاقات، سیکیورٹی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم

اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی شاندار ترقی، علاقائی اور عالمی امن پر سعودیہ کے مرکزی کردار کی تعریف کی


ویب ڈیسک February 19, 2025

نیویارک: پاک سعودی وزارئے خارجہ کے درمیان آج نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے آج نیویارک میں سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر عبدالکریم الخیریجی سے مُلاقات کی۔

دونوں سربراہان نے دیرینہ سعودی پاک تعلقات کے حوالے سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں سیکیورٹی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اسحاق ڈار نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی وژنری قیادت کے زیراثر سعودی عرب کی شاندار ترقی اور علاقائی اور عالمی امن کے حوالے سے سعودی عرب کے مرکزی کردار کی تعریف کی۔

فریقین نے دونوں مُلکوں کے مابین گہرے تزویراتی اور معاشی تعلقات کا احاطہ کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے، تجارت، سرمایہ کاری اور کمرشل شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں سربراہان نے مشرقِ وسطٰی کی حالیہ صورتحال بالخصوص غزہ اور مغربی کنارے پر انسانی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

 اُنہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی پر پوری طرح سے عمل درآمد ہونا چاہیے، فریقین نے اتفاق کیا کہ غزہ کے لوگوں تک انسانی امداد کی رسائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے،
غزہ میں تعمیر نو کا کام جلد شروع ہونا چاہیے۔

 دونوں سربراہان نے فلسطین میں دو ریاستی حل کی جانب جلد پیش رفت پر بھی زور دیا۔
دونوں سربراہان نے مسلمہ اُمہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے او آئی سی کے مزید فعال کردار پر بھی زور دیا۔

مُلاقات میں دونوں مُلکوں کی ترقی اور استحکام کے لئے پاکستان اور سعودی عرب کی کثیرالجہتی شراکت داری کو اور مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

مقبول خبریں