لاہور:
خانیوال ریلوے اسٹیشن پر پل گرنے کے واقعے کے بعد سی ای او پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے ملک بھر کے تمام ریلوے پلوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔
اس حوالے سے سی ای او ریلوے کی جانب سے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ڈویژن اپنی حدود میں موجود پلوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پلوں کی تفصیلات موصول ہونے کے بعد اُن پلوں کی فوری اپ گریڈیشن کی جائے گی جن کی حالت ناقص یا خطرناک ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کے بیشتر پلوں کی عمر 100 سال سے زائد ہے، جبکہ خانیوال ریلوے اسٹیشن پر گرنے والا پل بھی 160 سال پرانا تھا۔ خانیوال جیسے سینکڑوں پل ملک بھر میں موجود ہیں جن کی فوری مرمت اور اپ گریڈیشن ناگزیر ہو چکی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ادارے کی اولین ترجیح مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ہے اور پلوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خانیوال اسٹیشن پر پُل کا ایک حصہ گرنے سے ریلوے ملازم ایس ٹی اکرام جاں بحق جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔