ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ یورینیم افزودگی روکنا ملکی مفادات کے خلاف اور ہماری خود انحصاری کی پالیسی سے متصادم ہوگا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ہم سے مغرور اور بدتمیز امریکا نے متعدد بار جوہری پروگرام روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ تم کون ہوتے ہو یہ فیصلہ کرنے والے کہ ایران یورینیم کی افزودگی کرے یا نہیں؟ یہ فیصلہ ہم خود کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ آزادی کا مطلب یہ ہے کہ امریکا اور اس جیسے ممالک کی اجازت کا انتظار کے بجائے اپنا پروگرام جاری رکھنا چاہیے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اگر ہم یورینیم افزود نہیں کرسکتے تو ہمارے پاس موجود 100 نیوکلیئرپاور پلانٹس ہمارے کس کام کے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر نے کہا کہ نیوکلیئرپاور پلانٹس کو فیول کی ضرورت ہوتی ہے اگر ہم ڈومیسٹک سطح پر فیول کی پیداوار نہیں کرسکتے تو پھر امریکا کے پاس جانا پڑے گا جو کڑی شراط پر فیول دے گا۔
جوہری مذاکرات کا حوالہ دیئے بغیر انھوں نے مزید کہا کہ امریکی تجویز ہماری عزت نفس اور اصولوں سے متصادم اور ہماری خود انحصاری پر یقین اور ’ہم کر سکتے ہیں‘ کے اصول پر کاری ضرب ہے۔