کراچی:
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ڈاکٹروں کے کلینکس اور پرائیویٹ اسپتالوں کی رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کرنے کے لیے آن لائن سہولتیں متعارف کرا دیں۔
اس ضمن میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ورلڈ بینک کی مالی معاونت سے والے کلک ( CLICK ) پروجیکٹ کے تحت سندھ بزنس ون اسٹاپ شاپ (SBOSS) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت سندھ بھر میں صحت کی دیکھ بھال کے اداروں کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ہیتلھ کیئر کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر خالد حسین شیخ نے ایکسپریس ٹریبون کو بتایا کہ اب ڈاکٹروں کے کلینکس اور اسپتالوں کی رجسٹریشن کو آساں بنادیا گیا ہے، کلک کے پروچیکٹ ڈائریکٹر اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے تعاون سے مینوئل سے ڈیجیٹل سروسز مہیا کی جائے گی۔
ڈاکٹر احسن قوی صدیقی نے آن لائین پورٹل کے حوالے سے بتایا کہ بورڈ آف کمشنرز نے ہمیں ڈاکٹروں اور اسپتالوں کی رجسٹریشن کو خودکار بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ ڈاکٹر احسن صدیقی نے ERP سسٹم کے ذریعے سندھ ہیلتھ کیئر کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کے بارے میں بتایا جو کہ 80 فیصد مکمل ہے۔
ڈاکٹر مرزا علی اظہر نے بتایا کہ ہمارا بنیادی مقصد اسپتالوں اور کلینکس کی رجسٹریشن کو آسان بنانا ہے جبکہ صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں اور ان کے مریضوں کے حقوق کو یقینی بنانا ہے۔