کراچی: ڈاکوؤں سے مزاحمت کے مختلف واقعات میں تین افراد فائرنگ سے زخمی

زخمیوں کی شناخت 21 سالہ ذیشان، 24 سالہ نصیب زادہ اور 55 سالہ سکندر کے ناموں سے ہوئی


اسٹاف رپورٹر July 03, 2025
(فوٹو: فائل)

کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر تین افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ نواب کالونی روٹ 20 نمبر اسٹاپ کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا۔

اتحاد ٹاؤن پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت 21 سالہ ذیشان کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔

کریم آباد نجی بینک کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔

عزیز آباد پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت 24 سالہ نصیب زادہ کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پیش آیا ہے۔

دریں اثنا سرجانی ٹاؤن کے علاقے لیاری 36 بیت المکرم مسجد کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ سکندر نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیٹ اور بازو پر گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ سرجانی ٹاؤن پولیس واقعے کو نامعلوم وجہ اور نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے۔

مقبول خبریں