بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران 5 طیارے مار گرائے جانے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر قوم کو سچ بتائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا تھا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے دوران 5 طیارے گرائے گئے تھے۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان سے پاک فوج کے دعوؤں کی تصدیق ہوتی ہے جس پر بھارت میں سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی۔
راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سوال اٹھایا کہ مودی جی، ان پانچ طیاروں کا اصل سچ کیا ہے؟ قوم کو جاننے کا پورا حق ہے۔
انھوں نے ٹرمپ کے بیان کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اس پر وزیراعظم کی خاموشی پر تنقید کی۔
کانگریس کی ترجمان کی جانب سے بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں، جنہوں نے بھارتی حکام کے وہ پرانے بیانات شیئر کیے جن میں وہ خود بعض طیارے گرنے کا اعتراف کر چکے ہیں۔
ان بیانات میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کا وہ تبصرہ بھی شامل ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اصل سوال یہ نہیں کہ جہاز گرے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ وہ کیسے گرے۔
یاد رہے کہ پیلگام حملے کی آڑ میں بھارت نے 7 مئی کو پاکستان پر حملے کیے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے موثر دفاع کرتے ہوئے بھارت کے جدید رافیل طیاروں سمیت پانچ طیارے مار گرائے تھے۔