دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا، اچانک آنے والے ریلوں نے تباہی مچادی، 50سے زائد مزدور بال بال بچے

ہنزہ کے مقام پر شاہراہ ریشم بلاک ہوگئی جس کے نتیجے میں مسافر پھنس گئے، ترجمان حکومت گلگت بلتستان 


نعیم اصغر August 12, 2025

حکومت گلگت بلتستان کے ترجمان  فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ دریائے ہنزہ پھر بپھر گیا، گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں نے تباہی پھر دی  جب کہ 50 سے زائد مزدور ریلے کی زد میں آنے سے بال بال بچے۔

حکومت گلگت کے ترجمان نے کہا کہ  پہاڑی پھتر شاہراہ ریشم پر تواتر سے گرتے رہے،حکومت نے ہنزہ انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب بلتستان کے علاقہ شگر میں بھی آیا، شگر میں زرعی اراضی اور درخت ریلوں میں بہہ گئے، ہنزہ کے مقام پر شاہراہ ریشم بلاک ہوگئی جس کے نتیجے میں مسافر پھنس گئے۔

فیض اللہ فراق نے کہا کہ  سڑک کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا،  گلگت بلتستان بدترین سیلابی تباہیوں کی زد میں ہے، سیلابی ریلوں سے واٹر چینلز ، کھڑی فیصلوں اور مکانات کا نقصان ہوا ہے۔

ترجمان کے مطابق واٹر چینل کی بحالی کے دوران اچانک سیلاب آیا جس کے نتیجے میں 50 مزدوروں نے بھاگ کر جان بچائی۔

دوسری جانب  محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے  نئے سلسلے کی پیش کرتے ہوئے  GLOF الرٹ جاری کر دیا۔

محکمہ موسمیات کے الرٹ کے مطابق آئندہ دنوں میں برفانی جھیلوں کے پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 اگست تک اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور کے پی میں برفانی علاقوں میں فلیش فلڈز کا خدشہ ہے جب کہ متاثرہ علاقوں میں الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ  گلگت بلتستان، کے پی میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، تمام متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔

 

مقبول خبریں