لاہور:
پنجاب میں وائلڈلائف حکام نے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بٹیر، توتے، تیتر اور گلابی تلیٔر کے غیرقانونی شکار اور کاروبار میں ملوث 15 افراد کو گرفتار کرلیا اور مختلف نایاب پرندے آزاد کر دیے گئے اور مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ضلع قصور میں وائلڈلائف ٹیم نے ایک شہری سے 8 توتے برآمد کرکے 50 ہزار روپے جرمانہ کیا، چشمہ میں 50 زندہ بٹیر برآمد ہوئے جنہیں عدالت کے حکم پر آزاد کردیا گیا اور ملزم پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوا۔
ڈی جی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور میں 9 شکاریوں کے چالان کیے گئے، جن میں سے 3 کو 63 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ 6 مقدمات زیر سماعت ہیں۔
بھکر میں دو شکاریوں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اٹک میں غیرقانونی طور پر کالا تیتر رکھنے والے شخص کو 20 ہزار روپے جرمانہ ہوا، جھنگ میں گلابی تلیٔر کے ایک شکاری سے 31 ہزار روپے وصول کیے گئے۔
چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہٰی نے کہا کہ غیرقانونی شکار اور پرندوں کے کاروبار کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔