پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ نولبرٹو جیسے پروفیشنل کوچ کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔
قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو کے ساتھ فٹبال ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کی موجودگی سےپاکستانی کوچز کو بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملےگا۔
انہوں نے کہا کہ فیفا نے ہمیں ٹیکنیکل سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ابھی فلحال پی ایف ایف میں فنڈز کی کمی ہے۔ اے ایف سی کے ساتھ ہماری میٹنگ ہوئی ہے، حل طلب معاملات پر پیش رفت ہورہی ہے۔
صدر پی ایف ایف کا کہنا تھا کہ فیفا نے ہمارے ساتھ نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔ اے ایف سی نے ٹیکنیکل ڈائریکٹر کی تعیناتی کا مشورہ دیا ہے۔
محسن گیلانی نے کہا کہ ہم ویمنز فٹبال پر بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔ آذربائیجان کی فیڈریشن کے ساتھ اچھے روابط ہیں، ان کے ساتھ دوسرےممالک سے بھی پلیئرز ڈویلپمنٹ پر ایم او یو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن میں ٹیکینکل شعبے کو مضبوط کرنے کے لیے مزید تقرریاں کریں گے۔ جنرل سیکریٹری کےلیے بھی انٹرویوز کررہے ہیں۔
ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، انٹرنیشنل سطح پر پرفارمنس کے لیے کھلاڑیوں کی اسکلز میں بہتری لانے کے ساتھ ان کو یقین دلانا ہو گا کہ وہ پاکستان کے اسٹارز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اندازاہ ہے کہ پی ایف ایف میں مسئلے مسائل ہیں لیکن میرا فوکس اپنےکام پر ہوگا۔