اسلام آباد:
عمران خان سے بہنوں کی ملاقات نہ کرائے جانے اور سہولیات نہ ملنے پر پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب، جیل اور پولیس افسران کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست سی پی او راولپنڈی کو ارسال کردی۔
پی ٹی آئی وکیل تابش فاروق نے سی پی او راولپنڈی کو بذریعہ ڈاک بھجوائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں قواعد کے مطابق سہولیات میسر نہیں ہیں اور انہیں ڈاکٹروں سے ملنے بھی نہیں دیا جا رہا، پولیس و جیل حکام ہائیکورٹ احکامات کی خلاف ورزی کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
درخواست گزار وکیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنی تقاریر میں بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فتنہ قرار دے چکی ہیں، اے ایس پی اور پولیس افسران و اہلکار منگل کو بہنوں کو جیل سے دور ناکوں پر روک لیتے ہیں، علیمہ خان، نورین خانم اور ڈاکٹر عظمی کو ہراساں و پریشان کیا جاتا ہے پولیس افسران بانی کی بہنوں کو اغوا کرکے سنسان جگہوں پر چھوڑ دیتے ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ ان تمام افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔