کراچی:
ملیر کے علاقے پیپری میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ وزیر داخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر سے تفصیلات طلب کرلیں۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ فی الفور پولیس ٹیموں کو متحرک کیا جائے اور جائے وقوع کو ہر طرح سے محفوظ کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جائے وقوع سے شواہد انتہائی باریک بینی سے اکٹھے کیے جائیں، آپریشن اور انوسٹی گیشن پولیس باہم اشتراک سے تفتیش اور تحقیقات کے عمل کو کامیاب بنائیں۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ایس ایس پی ملیر اپنی ٹیم کے ہمراہ شہید ایلکار کے گھر جائیں اور ورثا سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کریں۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ابتدائی پولیس تفتیش اور پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔