کراچی میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں پر ایم کیو ایم کا احتجاج کا عندیہ

ملک بھر میں صرف کراچی میں آٹے کی قیمت کا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے، مرکزی کمیٹی ایم کیو ایم


ویب ڈیسک August 30, 2025
فوٹو فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی میں آٹے کی بڑھتی قیمت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے بہادرآباد مرکز سے جاری اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کراچی کے عوام پر ڈھائے جانے والے کھلے ظلم اور معاشی ناانصافی کا ناقابل تردید ثبوت ہیں۔

ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے اضافے کے بعد 2100 روپے تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں یہی تھیلا 280 روپے، کوئٹہ میں 210 روپے اور اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، بنوں اور ملتان میں 200 روپے تک مہنگا ہوا ہے مگر سب سے زیادہ بوجھ کراچی کے عوام پر ڈالا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسی طرح کراچی کے شہریوں کو پورے ملک میں سب سے مہنگی 195 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور کرنا سراسر ناانصافی نہیں بلکہ بدترین معاشی دہشتگردی ہے۔

مرکزی کمیٹی نے کہا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ دہرا معیار اور استحصالی رویہ اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اگر فوری طور پر قیمتوں میں کمی اور ریلیف کے عملی اقدامات نہ کریں تو عوام دشمن حکمران خود سنگین نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔

مرکزی کمیٹی نے واضح کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے عوام کے معاشی قتل پر خاموش تماشائی نہیں بنے گی اور اپنے عوامی مینڈیٹ کے تحت بھرپور سیاسی اور عوامی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

مقبول خبریں