فیصل آباد اور قریبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث پاک فوج کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے فیصل آباد میں موجود ہیں۔
پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی کے دوران تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقے راوی پتن میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔ آپریشن میں سات افراد بشمول خواتین اور بچوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ مویشیوں کو بھی نکالا گیا۔
فوجی جوانوں نے کشتیوں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ ساتھ ہی متاثرین کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
سیلاب متاثرین نے پاک فوج کے بروقت ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو سراہا اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں فوج عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔