اسلاموفوبیا؛ برطانیہ میں مساجد کی بیحرمتی اور مسلمانوں پر حملے

باسلڈن میں مسجد کی دیواروں پر سرخ صلیب بنائے گئے اور اسلام مخالف جملے لکھے گئے


ویب ڈیسک September 01, 2025
برطانیہ میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر مسلم رہنماؤں کا احتجاج

برطانیہ میں پناہ گزینوں کے خلاف مظاہروں کی آڑ میں انتہاپسندوں نے مساجد کی بے حرمتی کی اور مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ایسیکس کے شہر باسلڈن میں ساؤتھ ایسیکس اسلامک سینٹر پر جمعے کی نماز سے ایک رات قبل دیواروں پر سرخ صلیب اور اسلام مخالف نعرے لکھے گئے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں جو حالیہ دنوں میں پیش آیا ہو۔ پناہ گزینوں کے خلاف آپریشن کو بڑھانے کے حق میں جاری مظاہروں میں متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

جس کے دوران مسلم خواتین اور خاندانوں کو ہراساں کرنے، نسل پرستانہ جملے کسنے اور گھروں پر سرخ صلیب کے نشانات بنانے کے متعدد واقعات دیکھے گئے۔

یہ واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ملک بھر میں چرچ کے جھنڈے اور یونین جیک مختلف مقامات پر لگائے جا رہے ہیں۔

انسانی حقوق کے اداروں نے خبردار کیا ہے کہ یہ مہم نسل پرستی اور اسلاموفوبیا کو ہوا دے رہی ہے۔

مقامی کونسل کے سربراہ اور مذہبی رہنماؤں نے اس عمل کو بزدلانہ، مجرمانہ اور شرمناک قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم کونسل برطانیہ نے کہا کہ انگلینڈ کا پرچم نفرت اور نسل پرستی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جو نازی دور کی یاد دلاتا ہے۔

مقامی چرچ رہنماؤں نے بھی مسیحی علامات کو نسل پرستی کے جواز کے طور پر استعمال کرنے کو غلط اور خطرناک عمل قرار دیا۔

 

 

مقبول خبریں