’افغانستان سے ہمارے بچوں کےخون سے ہولی کھیلنے طالبان اورافغانی آتے ہیں،اتنی محسن کشی کبھی نہیں ہوئی‘

60، 70 لاکھ افغانی ہماری امان میں اور روزی کمارہے ہیں، کئی افغانی ارب پتی ٹھیکدار بھی ہیں، وزیر دفاع


ویب ڈیسک September 09, 2025
فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہم نے افغانیوں کیلیے دو جنگیں لڑیں اپنی معیشت تباہ اور لاکھوں لوگ شہید کروائے مگر آج بھی افغان سرزمین سے ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر میجر عدنان کی شہادت پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ آج پاک فوج نے پھر اپنے ایک بہادر بیٹے کو وطن پہ قربان کیا۔

اُن کے مطابق شہید کی والدہ کا کہنا تھا میرے 10 بيٹے ھوتے تو وہ پاکستان کی ناموس قربان کردیتیں، میجر عدنان کی شہادت پر بہنیں اور اور بیوی دکھ میں ڈوبی تھیں ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ’والد کو گلے لگایا تو وہ کہنے لگے میں مضبوط ہوں، میرا بیٹا میرا فخر ہے‘۔ وزیر دفاع نے بتایا کہ میجر عدنان برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ کے گریجویٹ تھے، کون لوگ ہیں یہ جن کا نصب العین وطنُ سے محبت اور شہادت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ایسے عظیم لوگوں کے پاس نہ اقتدار نہ دولت نہ شہرت، اللہ نے اس پاک دھرتی کو ان جیسوں کے طفیل اپنی پناہ میں رکھا ہوا ہے اور ہمیں ان کی شہادتوں کے صدقے ہی بھارت پر فتح دی ہے۔

خواجہ آصف نے لکھا کہ میجر عدنان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے میں پانچ دہشت گردوں میں سے تین افغانی جبکہ دو کالعدم ٹی ٹی پی کے کارندے تھے۔

انہوں نے لکھا کہ ’ہم نے جن (افغانیوں) کے لئے دو طویل جنگیں لڑیں، اپنا امن اور اپنی معیشت تباہ کر لی لاکھوں شہید ہوگئے، اس کے باوجود 60/70 لاکھ افغان ہماری دھرتی پہ موجود ہماری پناہ میں روزی کما رہے ہیں۔‘

خواجہ آصف نے لکھا کہ بڑے بڑے ٹرانسپورٹر اور ارب پتی  ٹھیکیدار افغانی ہیں اور افغان سر زمین سے ہمارے بچوں کے خون سے ہولی کھیلنے کیلیے طالبانُ دہشت گرد اور افغان شہری آتے ہیں، دنیا کی تاریخ ميں اتنی محسن کشی کبھی نہیں ہوئی۔
 

مقبول خبریں