لاہور، چوہنگ میں پولیس مقابلہ، 3 ڈاکو ہلاک، 2 فرار، ایک اہلکار زخمی

اے ایس آئی راشد غازی بلٹ پروف جیکٹ پر متعدد گولیاں لگنے سے وہ محفوظ رہے


سید مشرف شاہ September 11, 2025

لاہور:

سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان چوہنگ کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں تین ملزمان ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔

ڈی ایس پی سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن سید حسین حیدر کے مطابق خفیہ اطلاع پر جوبلی ٹاؤن میں چھاپہ مارا گیا تھا جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں تین ملزمان مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔

ہلاک ہونے والے ملزمان سنگین جرائم خصوصاً ڈکیتی اور ہاؤس رابری کی 100 سے زائد وارداتوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کو مطلوب تھے۔

فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار لقمان زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جبکہ اے ایس آئی راشد غازی کی بلٹ پروف جیکٹ پر متعدد گولیاں لگنے سے وہ محفوظ رہے۔

ڈی ایس پی کے مطابق فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔

مقبول خبریں