پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان پر انکے بھائی کی مبینہ سابقہ منگیتر نے سنگین الزامات عائد کردیے۔
عائزہ خان ان دنوں اپنے بھائی احد کی شادی کی رنگارنگ تقریبات اور شاندار ملبوسات کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر عائزہ خان کے دلکش لباس اور خوشیوں بھرے لمحات کی ویڈیوز وائرل ہیں۔ تاہم حال ہی میں عروبہ طارق نامی خاتون کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بعد عائزہ خان اور ان کے خاندان کو ایک تنازع کا سامنا ہے۔
فیس بک پر عروبہ طارق نامی خاتون نے خود کو احد کی سابقہ منگیتر ظاہر کرتے ہوئے عائزہ خان اور ان کے اہلِ خانہ پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کی پوسٹ کے اسکرین شاٹس تیزی سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔
عروبہ طارق کا دعویٰ ہے کہ وہ اور احد ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور احد نے ہی انہیں شادی کی پیشکش کی تھی۔ ان کے مطابق شادی کی تیاریاں بھی شروع ہو چکی تھیں، لیکن بعد ازاں رشتہ ختم ہو گیا۔ عروبہ کا کہنا ہے کہ عائزہ کا بھائی احد دھوکے باز ہے، ان کا خاندان بھی سچائی سے دور ہے اور وہ اپنے گھریلو ملازمین کے ساتھ بھی اچھا سلوک نہیں کرتے، اسی وجہ سے وہاں ملازم زیادہ دیر نہیں ٹھہرتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عائزہ خان اپنے پورے خاندان پر حاوی ہیں اور ہر فیصلہ ان کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے۔ عروبہ کے بقول، عائزہ کے بھائی کی تعلیم گریجویشن تک بھی مکمل نہیں، مگر اس نے انہیں جھوٹ بول کر کہا کہ وہ بزنس گریجویٹ ہے، حالانکہ وہ خود کچھ نہیں کماتا اور بہن پر انحصار کرتا ہے۔
عروبہ طارق نے یہ الزام بھی لگایا کہ احد کا ماضی میں اداکارہ سارہ خان سے تعلق رہا ہے۔ تاہم انہوں نے دانش تیمور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باعزت اور شریف انسان ہیں، اور ان تمام معاملات سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ ان الزامات کے بعد سارہ خان اور احد کی پرانی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔