کراچی:
نارتھ کراچی رحمانیہ موڑ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم دوران علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب خواجہ اجمیرنگری تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو بی تھری رحمانیہ موڑ کے قریب پولیس اوراسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم محمد علی ولد دلاور دوران علاج عباسی شہید اسپتال میں دم توڑگیا۔
ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری راؤ سرفراز کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم اور دوران علاج دم توڑ نے والے ملزم نے دو روز قبل شہری سے اس کی موٹر سائیکل اوراس کے موبائل فونز چھینے تھے اور واردات کے بعد ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زوہیب زخمی بھی ہوا تھا۔
ملزمان کا ساتھی رمضان فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، گرفتار ملزمان سے شہری سے چھینی ہوئی موٹر سائیکل اور دونوں موبائل فونز بھی برآمد کرلیے گئے، ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔