جامعات کی فیسوں میں اضافہ حکومتی منظوری سے مشروط

سندھ میں 9 سے 12 ویں جماعت تک نیا گریڈنگ سسٹم لانے پر بھی غور جاری ہے، صوبائی وزیر تعلیم


صفدر رضوی October 18, 2025
ہراسمنٹ کمیٹی کی سفارش پر ڈاکٹر غلام محمد برفت کی جگہ شعبہ نفسیات کی پروفیسر فرح اقبال کو شعبہ کرمنالوجی کا چارج دے دیا گیا، ذرائع۔ فوٹو:فائل

کراچی:

سندھ حکومت نے تمام سرکاری جامعات میں طلبہ کی فیسوں میں اضافے کو حکومتی منظوری سے مشروط کردیا۔

وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ صوبے میں 9 ویں سے 12 ویں جماعت تک نیا گریڈنگ سسٹم لانے پر بھی غور جاری ہے جس کے لیے سندھ کے مختلف تعلیمی بورڈز سے تجاویز اور اعتراضات موصول ہو چکے ہیں، تکنیکی مسائل کے حل کے بعد نیا گریڈنگ سسٹم نافذ کیا جائے گا جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوگا۔

محمد اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی حکومت جامعات کی گرانٹ میں اضافہ نہیں کر رہی جس کے باعث سرکاری جامعات مالی دباؤ کا شکار ہیں۔ اس صورتحال میں سندھ حکومت اضافی گرانٹ فراہم کر کے تعلیمی عمل کو متاثر ہونے سے بچا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر جامعات اخراجات میں اضافے کے باعث فیسیں بڑھاتی ہیں لیکن اب انہیں پابند کیا جائے گا کہ اگر کسی جامعہ کو فیسوں میں اضافہ کرنا ہو تو پہلے حکومت سے منظوری لی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ طلبہ پر اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، تعلیمی اخراجات کا زیادہ تر حصہ پہلے ہی حکومت برداشت کر رہی ہے۔

مقبول خبریں