کسی ایک تنظیم کے خلاف نہیں، جو مسلح ہوگا اُس کے خلاف کارروائی ہوگی، وزیر داخلہ

کراچی کے امن و امان اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی جلد کام مکمل کرلیا جائے گا، مشترکہ پریس کانفرنس


ویب ڈیسک October 21, 2025
فوٹو ایکسپریس

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کسی ایک خاص تنظیم کے خلاف کارروائی نہیں کررہی بلکہ جو مسلح ہیں اُن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

کراچی میں گورنر ہاؤس میں کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گورنر صاحب بہت چاہت سے بلاتے ہیں اور ان کے ہاں کا حلیم بہت مزیدار ہوتا یے جسے میں چھوڑ نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دونوں بہت محنت سے کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں کامیابیاں بھی مل رہی ہیں، بس اب ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مشن ہے کہ ہم ملک کوآگے لیکرجائیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پریہ بات کی جارہی تھی کہ کسی ایک تنظیم کےخلاف وفاقی حکومت کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم (حکومت) تمام علمائے کرام کا احترام کرتے ہیں تاہم یہ جو اسلحہ کےساتھ آئے گا ہم اس سےنمٹیں گے اس کے علاوہ جو چندہ جمع کرتے تھے آپ کوپتہ چل جائیگا کہ ان کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ جب ٹی وی کھولیں تو تویہ ہی نہیں پتہ چلتا آپ کون سے شہرمیں ہیں، آپ کا نام بھی محسن ہے اس لیے آپ سب کے محسن ہیں، جب ایشوز کسی کے بھی درمیان ہوں توانھیں دعوت دی جاتی ہے کہ آپ مسئلہ حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں : حکومت نے سعد رضوی کے نام پر 95 بینک اکاؤنٹس، مسروقہ و غیر مسروقہ جائیدادیں سیل کر دیں

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں مفتی منیب الرحمن سے ملاقات کی جبکہ وزیر داخلہ مسائل کے حل کے لیے کام کررہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر داخلہ قیام امن اور فتنہ الخوارج آپریشن کے حوالے سے بھی کام کررہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی وزیرداخلہ ہونے کے ساتھ چیئرمین پی سی بی اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں، ان کا یہ روپ بھی ہے کہ جیت کے باوجود بھارتی ٹیم کوٹرافی بھی نہیں دی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی اسپیڈ سب سے زیادہ تھی مگر اب وہ کہتے ہیں کہ محسن نقوی کی اسپیڈ زیادہ ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کےایشوز ہیں۔ اس پرہم ان سے بات کرتےہیں۔وفاقی وزیر داخلہ کاتعاون مثالی ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کواہمیت دینا خوش آئند ہے، ہم افواج پاکستان کا ساتھ دیتےرہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنرسندھ ایم کیو ایم کی طرف سے نامزد کردہ گورنر اور وفاقی کےنمائندےہیں، ہم دیکھتےہیں کہ آپ ہماری بات سنتےہیں اورمسائل کےحل کےلیے کوشش کررہے ہیں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ہمارے مسائل سنتے ہی نہیں بلکہ ان کو حل بھی کراتے ہیں ، امید ہے کہ وفاقی وزیر کراچی میں امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن و امان کی بہتری کے لئے بھرپور کام کریں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کی، جس میں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور امین الحق بھی موجود تھے۔

ملاقات ملکی سلامتی، امن و امان اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی آمد پر گورنر سندھ نے اُن کا پرجوش استقبال کیا جبکہ ی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گورنر ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔

مقبول خبریں