کراچی: شہر قائد میں دندناتے ہوئے ڈمپر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار نوجوان کی جان لے لی ، مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ڈمپر کے شیشے توڑ کر اسے نذر آتش کر دیا۔
تفصیلات کے مابق نشتر روڈ رامسوامی کے قریب ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار کو کچل کر ہلاک کر دیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئی۔
حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ڈمپر کا ونڈ اسکرین توڑنے کے بعد اس آگ لگا دی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ اس کی عمر 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔
ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال نے بتایا کہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور اس حوالے سے پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب رامسوامی میں ٹریفک حادثے کے بعد آل پاکستان ڈمپرز ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں علاقہ مکینوں نے انہیں گھیر لیا اور شدید نعرے بازی کی۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ حادثہ ڈمپر کی غفلت کی وجہ سے ہوا تھا، جس کے بعد غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے لیاقت محسود کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
لیاقت محسود کے گارڈ نے صورتحال کو قابو پانے کی کوشش کی لیکن احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ کر دی جس کے باعث مزید کشیدگی پیدا ہوگئی۔
پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔