کراچی، گبول پارک کے قریب فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق

عینی شاہد نے واقعہ شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان کا تبادلہ اور ہلاک شخص کو فرار ڈاکوؤں کا مبینہ ساتھی قرار دیا ہے


منور خان November 14, 2025

کراچی:

شہر قائد میں گلشن اقبال کے علاقے گبول پارک کے قریب شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک ہوگیا۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے کئی خول ملے ہیں جبکہ عینی شاہدین نے واقعے کو شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ قرار دیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کو مبینہ طور پر ڈاکوؤں کا ساتھی بتایا گیا ہے، جس کا ایک ساتھی اس سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے دوران ہلاک ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 26 سال تھی اور اس کے سر پر گولی لگی تھی۔

واقعے کے فوراً بعد لاش کو قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے بعد میں چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

مقتول کی شناخت بعدازاں 25 سالہ عبدالمقصت کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق، عبدالمقصت پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا اور وہ سولر پینلز کا کام کرتا تھا۔

اس کے والدین حیدرآباد گئے ہوئے ہیں اور پولیس نے ان کو اطلاع دے دی ہے جس کے بعد وہ کراچی آنے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔

واقعہ کے حوالے سے ایک عینی شاہد کا بیان سامنے آیا ہے جس میں اس نے کہا کہ وہ اسپتال کے قریب موجود تھا جب کار سوار شہری اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

 فائرنگ کے دوران وہ قریبی کھڑی ہوئی گاڑی کے پیچھے چھپ گیا اور اس دوران ڈاکوئوں نے اس سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور کے خول برآمد کیے ہیں اور کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کر لیے ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائرنگ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کی وجہ سے ہوئی۔

پولیس نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور موبائل ایپ ڈیوائسز کے ذریعے ہلاک ہونے والے کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس میں تمام ممکنہ شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات مکمل کریں گے۔

مقبول خبریں