وزیر خارجہ کے بعد طالبان کے وزیر تجارت کی بھی بھارت آمد؛ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

اس سے قبل طالبان وزیر خارجہ بھی بھارت کا دورہ کرچکے ہیں


ویب ڈیسک November 19, 2025
طالبان کے وزیر خارجہ کے بعد وزیر تجارت بھی بھارت کے نورِ نظر ہوگئے

افغانستان کی طالبان حکومت کے وزرا کی یکے بعد دیگرے بھارت آمد اور مودی سرکار کے ساتھ بڑھتی ہوئی پینگیں خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کے وزیرِ تجارت الحاج نورالدین عزیزی بھارت کے سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچے۔

طالبان کے وزیر تجارت کا استقبال ان کے بھارتی ہم منصب کے علاوہ وزیر خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

افغان طالبان کے وزیر تجارت نے بھارت کے سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی اور افغانستان میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی۔

الحاج نور الدین عزیزی نے بھارت کو دوست ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تجارتی اور سفارتی تعلقات ہیں۔

طالبان وزیر تجارت نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعاون اور سفارتی تعلقات میں مزید توسیع کے خواہاں ہیں۔

اس موقع پر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے تجارت کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اس سے قبل طالبان وزیر خارجہ بھی بھارت کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات دوبارہ بحال ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ بھارت نے اگست 2021 میں افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد اپنا سفارت خانہ بند کردیا تھا جو گزشتہ ماہ ہی دوبارہ کھولا ہے۔

جنوبی ایشیا کے امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی طور پر غیر تسلیم شدہ طالبان حکومت کے ساتھ مودی سرکار کی بڑھتی ہوئی پینگیں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہوسکتی ہیں۔

 

 

مقبول خبریں