وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا اڈیالہ روڈ پر دھرنا جاری

جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر حکام کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس میں عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ بھی شامل ہے، ذرائع


عمران اصغر November 28, 2025
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اڈیالہ روڈ پر دھرنا جاری ہے اور پولیس سے مذاکرات ناکام ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا دھرنا 8 گھنٹے سے زائد وقت سے جاری ہے جو انہوں نے عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر دے رکھا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے ان کے نمائندوں کے جیل انتظامیہ اور پولیس سے مذاکرات جاری ہیں جو فیکٹری ناکے کے قریب نجی عمارت میں جاری ہیں۔

مذاکرات میں اسسٹنٹ سپرٹنڈنٹ جیل، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے سی ایس او، پولیس نمائندے اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن مینا خان بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں ملاقات نہ کرانے پر تحریری وجہ بتانے مطالبہ کیا گیا ہے، عمران خان کی صحت سے متعلق بھی یقین دہانی کرانے کا مطالبہ شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت کسی پارٹی رہنما کی ملاقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

دھرنا جاری رکھیں گے، ترجمان خیبرپختونخوا حکومت

ترجمان خیبرپختونخوا حکومت شفیع جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج آٹھویں مرتبہ وزیراعلی آئے ہیں، تاریخ تبدیل ہوچکی ہے، 27 کو آئے تھے اب 28 تاریخ ہوچکی ہے اور راولپنڈی میں ہمارا ایک ہی سادہ سے مطالبہ ہے جب تک بانی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی ہم نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ کوئی غیرقانونی نہیں ہے، بانی ہر منگل کو اپنی فیملی اور جمعرات کو پارٹی رہنماؤں سے مل سکتے ہیں لیکن 27 اکتوبر سے ان کے ساتھ کسی کی ملاقات نہیں ہوئی۔

ترجمان نے کہا کہ انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹس دیکھ کر ہمیں بانی کی صحت پر شدید تحفظات ہیں، ہماری طرف سے 7 لوگوں کے نام تھے کسی ایک کی بھی بانی سے ملاقات کرائی جائے، ہم چاہتے ہیں وزیراعلیٰ کی اکیلے میں ملاقات کرائی جائے۔

شفیع جان نے کہا کہ ہم دیکھنا چاہتے ہیں ہمارے لیڈر کی صحت کیسی ہے، یہاں مزید لوگ آرہے ہیں اور قافلہ بڑھتا جائے گا ہم دھرنا جاری رکھیں گے۔

مقبول خبریں