کراچی:
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ہوٹلوں اور مارکیٹوں میں رش کراچی میں امن کی علامت ہے، کرائم ریٹ میں واضح کمی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی کو شاباش دیتا ہوں۔
گارڈن ہیڈکوارٹر میں افسروں و جوانوں کے اعزازمیں منعقدہ شاندارعشائیہ " بڑا کھانا" کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں امن آپ سب کی محنت کا نتیجہ ہے، آج اگر سندھ پولیس کامیاب ہے تو میں بھی کامیاب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہمارا کام انصاف سے جڑا ہوا ہے، ایسے فیصلے بھی زیربحث ہیں جو بظاہر لگتے تھے کہ کسی انفرادی افسرکے خلاف تھے، کیا ہمیں ذہنی سکون مل سکتا ہے کہ اگر ہمارے علاقے میں منشیات فروشی ہورہی ہو ، ہم وہ محکمہ ہیں جہاں سے انصاف شروع ہوتا ہے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ اخلاق، مذہب اور قانون کے خلاف سرگرمیاں ذہنی سکون نہیں دی سکتیں، کچھ مشکل فیصلے کیے جو پولیس کیلئے مفید ثابت ہوئے، غلط کام پر سزا اور اچھے کام پر ریوارڈ سے ہی ڈسپلن قائم ہوتا ہے، صوبے کے 2576 شہداء میں 1072 کا تعلق کراچی سے ہے، شہداء کے خون کی بدولت آج امن قائم ہے، سندھ پولیس کی محنت پر سب کو شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اہم قدم ہے۔ حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، موجودہ ٹریفک نظام سے ٹریفک پولیس کی عزت میں مزید اضافہ ہوا، حکومت سندھ نے ہمارے تمام پروپوزل منظور کیے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ آئی جی سندھ کی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، غلام نبی میمن کے کارنامے محکمہ کبھی فراموش نہیں کرے گا زجو اپنے پورے کریئرمیں بہت متحرک رہے اور اصلاحات متعارف کروائیں۔
تقریب میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی تعلیمی، پیشہ ورانہ خدمات اور کارہائے نمایا پر مبنی تفصیلی دستاویزی فلم بھی نشرکی گئی، اے ایس آئی افتخار سواتی نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی خدمات پر انہیں اپنی شاعری سے خراج تحسین پیش کیا۔