انڈر 19 ایشیا کپ، بھارت نے پاکستان کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا

پاکستان کی جانب سے محمد صیام اور عبدالسبحان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں


اسپورٹس ڈیسک December 14, 2025

پاکستان کے جونیئر کھلاڑی بھی سینئرز کے نقش قدم پر چل پڑے، انڈر 19 ایشیا کپ میں بیٹرزنے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا، بھارت نے 90 رنز کے بڑے مارجن سے میدان مار لیا۔

تفصیلات کے مطابق یواے ای میں حال ہی کھیلے گئے مینز ایشیا کپ میں سینئرز کی بھارتی ٹیم کے خلاف دباؤ کا شکار ہونے کی روش جونیئر کرکٹرزنے بھی برقرار رکھی۔ 

دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے پانچویں میچ میں پاکستانی ٹیم بھارت کے ہاتھوں 90 رنز کی شکست سے دوچار ہوگئے، 241 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 30رنز کے دوران گر گئیں۔ 

اوپنر سمیر منہاس 9 رنز بنا دیپیش دیویندرن کا شکار بنے، علی حسن بلوچ بغیر کوئی رن بنائے اور احمد حسین 4 رنز بنا دیپیش کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عثمان خان 16 رنز بنا کر کنشک چوہان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ 

کپتان فرحان یوسف نے 23 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، وہ 77 کے مجموعی اسکور پر ویبھو سوریا ونشی کی گیند پر آوٹ ہوئے، حذیفہ احسن نے 83 گیندوں پر 70 رنز بنائے، وہ 138 کے مجموعی اسکور پر کنشک چوہان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

دیگر کھلاڑیوں میں حمزہ ظہور 4، عبدالسبحان 6 اور محمد صیام 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پوری پاکستانی ٹیم 41.2 اوورز میں 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ 

بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن اور کنشک چوہان نے 3، 3 وکٹیں حاصل کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، بارش کی وجہ سے میچ کو 49 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ 

بلیو شرٹس 46.1اوورز میں 240 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کپتان آیوش مہاترے نے 25 گیندوں پر 38 رنز بنائے، وہ اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کا مجموعی اسکور 78 رنز تھا۔ 

محمد صیام نے انھیں حمزہ ظہور کے ہاتھوں کیچ کروایا، اس سے قبل ویبھو سوریا ونشی 5 رنز بنا کر 29 کے مجموعی اسکور پر محمد صیام کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ 

بھارتی اننگز کو استحکام آرن جارج نے دیا جنھوں نے 85 رنز اسکور کیے، وہ 173 کے مجموعی اسکور پر عبدالسبحان کی گیند پر فرحان یوسف کے ہاتھوں کیچ ہوئے، ویہان ملہوترا 12 رنز بنا کر 105 کے اسکور پر نقاب شفیق کا شکار بنے۔

جبکہ ویدانت ترویدی 7 رنز بنا کر نقاب شفیق کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر ابھیگیان کندو 22 رنز بنا کر 173 کے اسکور پر عبدالسبحان کی گیند پر حمزہ ظہور کو کیچ تھما گئے۔ 

آخر میں کنشک چوہان نے 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، وہ 238 کے مجموعی اسکور پر احمد حسین کی گیند پر سمیع منہاس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ 

پاکستان کی جانب سے محمد صیام اور عبدالسبحان نے 3، 3 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ نقاب شفیق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اپنے اپنے افتتاحی میچز میں بڑی فتوحات سمیٹی ہیں۔

پاکستان نے ملائیشیا کو 297 رنز جبکہ بھارت نے یو اے ای کو 234 رنز سے شکست دی تھی۔

مقبول خبریں