ڈھرکی میں ڈاکوؤں کا مسافر کوچ پر حملہ، متعدد افراد کو اغوا کرلیا

ڈاکوؤں کے حملے میں ڈرائیور سمیت متعدد مسافر زخمی ہوئے، پولیس


ویب ڈیسک December 16, 2025
فوٹو فائل

سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مرید شاخ انٹرچینج ایم فائیو پر مسلح ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کیا اور 25 افراد کو اغوا کر کے لے گئے جبکہ فائرنگ سے متعدد زخمی بھی ہوئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو گڈو کشمور لنک روڈ ایم فائیو پر پر مسلح افراد نے مسافر کوچ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور گاڑی رکنے کے بعد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

بس رکنے کے بعد ڈاکو 25 مسافروں کو اغوا کر کے لے گئے جبکہ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور ڈاکوؤں کا تعاقب جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا۔

ڈھرکی پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کے اغوا کی حتمی تعداد کے بارے میں فوری کچھ نہیں بتاسکتے۔ عینی شاہد مسافر کے مطابق ڈاکو مسافروں کو گنے کی فصل میں اغوا کر کے لے کر گئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے مسافر کوچ اور دیگر گاڑیوں میں موجود درجنوں مسافروں کو لوٹ مار کی اور فائرنگ بھی کرتے رہے، بیشتر مسافر خوف کے عالم میں کماد کی فصل میں چھپ کر جان بچائی۔

سندھ پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا، تھانہ ماچھکہ کی پولیس نفری اور موٹر وے پولیس کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے۔

مقبول خبریں