پشاور:
لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) میں نومولود بچے کے علاج نہ ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ رات گئے اچانک ایل آر ایچ پہنچ گئے جہاں انہوں نے صورتحال کا خود جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ کی آمد پر مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ہم مریض لے کر آتے ہیں مگر ڈاکٹر موبائل فون پر مصروف رہتے ہیں، مریضوں کا بروقت معائنہ نہیں کیا جاتا اور گھنٹوں کھڑے رہنا پڑتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ دورانِ ڈیوٹی کوئی ڈاکٹر یا افسر موبائل فون استعمال نہیں کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر کوئی ڈاکٹر دوران ڈیوٹی موبائل استعمال کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی ڈاکٹر یا عملے کو ڈیوٹی کے دوران موبائل استعمال کرتے دیکھیں تو اس کی ویڈیو بنا کر بھیجیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ میں جانوں اور وہ جانیں، غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ شکایات کے ازالے کے لیے وزیراعلیٰ شکایت سیل قائم کیا جا رہا ہے جہاں شہری براہِ راست اپنی شکایات درج کرا سکیں گے۔
انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات بھی جاری کیں۔