کراچی:
گوگل کی سالانہ رپورٹ ’ایئر اِن سرچ 2025‘ کے مطابق رواں برس پاکستانی انٹرنیٹ صارفین نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور رجحانات میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔
رپورٹ میں ایک دلچسپ حقیقت سامنے آئی ہے کہ گوگل ٹرینڈز 2025 کے مطابق پاکستانی صارفین نے ایتھلیٹس کی کیٹیگری میں بھارتی کرکٹر ابھشیک شرما کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔
گوگل رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹرز حسن نواز، عرفان خان نیازی، صاحبزادہ فرحان، محمد عباس اور صائم ایوب کے نام بھی زیادہ سرچ کیے جانے والوں میں شامل ہیں۔
سیاسی اور سماجی شخصیات کے حوالے سے وکی پیڈیا ڈیٹا کے مطابق سال 2025 میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی پاکستانی شخصیت رہے جبکہ ان کے بعد سابق فاسٹ بولر شعیب اختر اور معروف گلوکار عاطف اسلم کا نمبر آتا ہے۔
شوبز انڈسٹری میں بھی پاکستانی صارفین کی دلچسپی برقرار رہی۔ رپورٹ کے مطابق اداکارہ ماہرہ خان، اقرا عزیز، ہانیہ عامر انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ مقبول رہیں۔
اس کے علاوہ اداکار فہد مصطفیٰ، وہاج علی اور دانش تیمور بھی سرچ ٹرینڈز میں شامل رہے، خصوصاً دانش تیمور ڈرامہ سیریل ’شیر‘ کی وجہ سے خبروں میں رہے۔