بھارت کی ریاست اترپردیش میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا اور لاش کے ٹکڑے کر کے مختلف مقامات پر پھینک دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ضلع سنبھل میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ روبی نامی خاتون نے اپنے شوہر راہول کے لاپتا ہونے کی رپورٹ درج کروائی تھی۔ تاہم 27 دن بعد ایک سڑک کے کنارے کالے بیگ سے ایک انسانی دھڑ برآمد ہوا، جس پر موجود ٹیٹو سے شناخت ممکن ہوئی۔
پولیس نے گمشدہ افراد کی فہرست سے راہول کا ریکارڈ نکالا اور اس کی بیوی روبی کو تفتیش کے لیے طلب کیا۔ دورانِ تفتیش روبی نے لاش کے کپڑوں کی شناخت سے انکار کیا، جس پر پولیس کو اس کے بیان پر شبہ ہوا۔
پولیس نے روبی کا موبائل فون چیک کیا تو اس میں ایک شخص کے ساتھ تصاویر موجود تھیں، جس نے وہی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جو لاش کے ساتھ ملی تھی۔ مزید پوچھ گچھ پر روبی نے اعتراف جرم کر لیا۔
روبی نے بتایا کہ اس کے شوہر نے اسے آشنا گورو کے ساتھ گھر میں دیکھ لیا تھا، جس پر اس نے غصے میں آکر شوہر پر حملہ کیا۔ بعد ازاں آشنا کے ساتھ مل کر لاش کے ٹکڑے کیے گئے۔ کچھ حصے دریائے گنگا میں بہا دیے گئے جبکہ باقی مختلف جگہوں پر پھینک دیے گئے۔
پولیس کے مطابق روبی اور اس کے آشنا گورو کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دونوں کے خلاف قتل سمیت سنگین دفعات کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔